ہندوستان اور پاکستان کے وزرائے اعظم کے پیغامات کا تبادلہ
پاکستان کے نومنتخب وزیر اعظم شہباز شریف نے مبارکباد پیش کرنے پر ہندوستانی وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا ہے۔
پاکستان کے نو منتخب وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں وزارت عظمی کے لئے مبارکباد دینے پر اپنے ہندوستانی ہم منصب نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا-
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہندوستان کے ساتھ پرامن تعلقات چاہتا ہے- شہباز شریف نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ کشمیر سمیت تمام تنازعات کا حل ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں سے دنیا آگاہ ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ آیئے امن کو محفوظ بنائیں اور اپنے لوگوں کی سماجی اور اقتصادی ترقی پر توجہ دیں-
اس سے قبل ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے شہباز شریف کو پاکستان کا وزیر اعظم بننے پر مبارکباد پیش کی تھی اور کہا تھا کہ مل کر دونوں ملکوں کے عوام کی خوشحالی اور ترقی کے لئے کام کریں۔ انہوں نے ساتھ ہی یہ بھی کہا تھا کہ اس کے لئے خطے کا دہشت گردی سے پاک ہونا ضروری ہے۔