Apr ۱۳, ۲۰۲۲ ۲۱:۰۱ Asia/Tehran
  • شہباز شریف نے صوبائی حکومتوں کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی

پاکستان کے نو منتخب وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے صوبائی حکومتوں کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

پاکستان کے وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے بدھ کو کراچی میں وزیر اعلا سندھ کے دفتر میں صوبہ سندھ کے مسائل اور ترقیاتی پروگراموں کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس میں وزیر اعلا سندھ مراد علی شاہ نے سندھ حکومت کے بڑے ترقیاتی منصوبوں اور صوبے کے مسائل کے بارے میں بریفنگ دی۔ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے صوبہ سندھ کے مسائل کے حل اور ترقیاتی پروگراموں میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ وہ ملک کی معاشی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور ان کی قیادت میں وفاقی حکومت صوبوں کے تحفظات کو دور کرے گی ۔
یاد رہے کہ میاں شہباز شریف وزیر اعظم بننے کے بعد اپنے پہلے اندرون ملک دورے میں بدھ کو کراچی کے فیصل ایئر بیس پہنچے جہاں وزیر اعلا سندھ مراد علی شاہ نے اپنی پوری کابینہ کے ساتھ ان کا استقبال کیا۔ شہباز شریف نے وزیر اعلا ہاؤس سے پہلے بانی پاکستان محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی ۔

 

ٹیگس