معاشی ٹیم کو شہباز شریف کی ہدایت
پاکستان کے وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے اپنی معاشی ٹیم کو مہنگائی پر قابو پانے کے لئے ترجیجی بنیادوں پر کام کرنے کی ہدایت دی ہے۔
پاکستان کے وزیراعظم میاں شہباز شریف کی صدارت میں معاشی ٹیم کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزارت خزانہ نے ملک کی معاشی صورتحال کی رپورٹ پیش کی ۔
میاں شہباز شریف نے ملک کی معاشی حالت کو تشویشناک بتایا اور ٹیم کو ہدایت دی کہ معاشی بدحالی دور کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ ملک کے عام آدمی کی معاشی حالت میں بہتری لانے کے لئے سبھی ضروری اقدامات کئے جائیں ۔
دوسری جانب اسپیکر کے انتخاب کے لئے قو می اسمبلی کا اجلاس سولہ اپریل کے بجائے بائیس اپریل کو بلانے کے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے اقدام کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل دائر کردی گئی ہے ۔
اپیل میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ ڈپٹی اسپیکر کو اسپیکر قومی اسمبلی کے اختیارات استعمال کرنے سے روکا جائے اور سیکریٹری پارلیمانی امور نیز سیکریٹری قومی اسمبلی کو سولہ اپریل کو ہی اجلاس بلانے کی ہدایت دی جائے۔
یاد رہے کہ ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے اسپیکر کے خصوصی اختیارات سے کام لیتے ہوئے ، قومی اسمبلی کا اجلاس سولہ اپریل کے بجائے بائیس اپریل کو بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔