افغانستان میں قیام امن پر پاکستان کی تاکید
پاکستان کی وزیرمملکت برائےخارجہ امور حنا ربانی کھر نے افغانستان میں قیام امن کو خطے کے لئے ضروری قرار دیا ہے۔
پاکستان کی وزیر مملکت برائے خارجہ امور، حنا ربانی کھر نے نئی کابینہ کے پہلے اجلاس کے بعد اپنے ایک بیان میں افغانستان اور پاکستان کی سرحدوں پر پاکستانی فورسز کے خلاف ہونے والے دہشت گردانہ حملوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد خطے اور خاص طور پر اپنے ہمسایہ ملک افغانستان میں امن و استحکام کی برقراری کے لئے تعمیری تعاون کے لئے پرعزم ہے۔
پاکستان کی نئی وزیرمملکت برائے خارجہ امور کا افغانستان کے تعلق سے یہ بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب دونوں ملکوں کی سرحدوں پر کشیدگی پائی جا رہی ہے اور افغانستان کے صوبہ خوست اور کنڑ میں پاکستان کے مبینہ ہوائی حملوں کے بعد سفارتی جنگ بھی شروع ہوچکی ہے۔
طالبان کی عبوری حکومت کا کہنا ہے کہ صوبہ خوست میں پاکستان کے ہوائی حملے میں چالیس سے زائد عام شہری مارے گئے ہیں جن میں خواتین اور بچوں کی تعداد زیادہ ہے جبکہ پاکستان کا کہنا ہے کہ اس کے ڈرون طیاروں نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا کر انہیں تباہ کیا ہے۔