خیبر پختونخوا میں دہشتگردوں کے خلاف مشترکہ آپریشن، 4 ہلاک
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقے بنوں میں سی ٹی ڈی اور پولیس کے مشترکہ آپریشن میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) نے ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔ دہشت گرد ٹارگٹ کلنگ، بم دھماکوں اور فورسز پر حملوں کے کیس میں مطلوب تھے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس کے ہمراہ مشترکہ آپریشن ہوا، جس کے دوران دہشت گردوں نے فورسز پر فائرنگ بھی کی۔
دوسری جانب پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان کے دورے کے موقع پر کہا کہ مسلح افواج کی کوششوں اور قوم کی مکمل حمایت سے دہشت گردوں کو شکست دینے میں کامیابی ملی، قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لئے متحد ہے کامیابی ضرور ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ ابھی زیادہ عرصہ نہیں گزرا ہے کہ دہشت گرد ملک بھر میں کارروائیاں کر رہے تھے، معصوم مردوں، عورتوں، بچوں، تعلیمی اداروں اور ریاستی انفراسٹرکچر کو بلاامتیاز نشانہ بنا رہے تھے۔