قومی سلامتی کمیٹی کا اعلامیہ، ہمارے موقف کی تائید ہے: محمود قریشی
پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت منقدہ قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیے کو اپنے مؤقف کی تائید قرار دیتے ہوئے مراسلے کی تحقیقات سپریم کورٹ سے جوڈیشل کمیشن کے ذریعے کروانے کا مطالبہ دہرایا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کے اعلامیے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے مؤقف کو تقویت ملی ہے اور یہ ثابت ہوگیا ہے کہ مراسلہ درست تھا، سیاسی مداخلت ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سوال یہ ہے کہ اس کی تحقیق کیسے کی جائے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس اعلامیے کو دیکھا تو میں یہ کہنے پر مجبور ہوں کہ اس میں کوئی نئی بات نہیں تھی، اس اعلامیے اور قومی سلامتی کمیٹی اجلاس نے پچھلا 37 ویں اجلاس کے منٹس کی توثیق کردی یعنی ان پر مہر ثبت کردی۔
انہوں نے کہا کہ میں وزیراعظم شہباز شریف سے بصد احترام یہ پوچھنا چاہوں گا کہ اس اجلاس کی ضرورت کیوں محسوس کی گئی، اس اجلاس سے حاصل کیا ہوا، اس اجلاس سے مزید آپ نے اپنے لیے مشکلات پیدا کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم یہ کہہ رہے ہیں کہ اگر آپ قوم کو صحیح آگاہ کرنا چاہتے ہیں تحریک انصاف چند سوالات پیش کرنا چاہتی ہے، اگر ان سوالات پر غور کیا جائے تو دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ کیا یہ حقیقت نہیں ہے کہ دستاویز پاکستان کے نمائندے کی غیرملکی نمائندے سے معمول کی ملاقات کی تفصیلات پر مبنی معمول کا مراسلہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ کیا یہ حقیقت نہیں ہے کہ اجلاس میں تحریک عدم اعتماد پر ووٹ خاص طور پر عمران خان کی حکومت کی برطرفی پاکستان کو معاف کرنے کی شرط سے نہیں جوڑا گیا۔
سابق وزیرخارجہ نے کہا کہ کیا یہ دھمکی نہیں دی گئی ہے کہ اگر عمران خان کی حکومت بچ جاتی ہے تو اس کے نتیجے میں تنہائی اور نتائج ہوں گے۔