Apr ۲۷, ۲۰۲۲ ۱۱:۵۶ Asia/Tehran
  • کل رات 12 بجے تک نومنتخب وزیراعلی پنجاب کی حلف برداری ہوجائے : لاہورہائیکورٹ

لاہور ہائیکورٹ نے حمزہ شہباز سے حلف لینے کیلئے گورنر پنجاب کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ گورنر پنجاب کل تک وزیراعلیٰ پنجاب کی حلف برداری کیلئے اقدامات کریں۔

لاہور ہائیکورٹ میں، نومنتخب وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز کی حلف برادری سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے گورنر پنجاب کوکل رات 12 بجے تک نومنتخب وزیراعلی سے حلف لینے کا حکم دیا۔ عدالت کا کہنا ہے کہ گورنرپنجاب کل تک خود یا اپنے کسی نمائندے کے ذریعے نومنتخب وزیراعلی سے حلف لیں۔

عدالت نے تبصرہ کیا کہ 25 روز سے پنجاب کا صوبہ بغیروزیراعلی کے چل رہا ہے۔ آئین پاکستان کے تحت صدرپاکستان اورگورنرپنجاب اپنے حلف کی پاسداری کے پابند ہیں۔ عدالت نے کہا کہ گورنر پنجاب پابند ہیں کہ وہ قانون کے مطابق حلف لیں۔ عدالت کا حکم فوری طورپرگورنرپنجاب کوبھیجا جائے۔

در ایں اثناء لیگی رہنما اور نومنتخب وزیر اعلی حمزہ شہباز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تین ہفتے ہوگئے سب سے بڑے صوبے کا کوئی وزیر اعلیٰ نہیں، گورنر پنجاب اور صدر مملکت تاریخ کو داغدار نہ کریں، عمران خان کارکنوں کو اداروں پر چڑھائی کی تربیت دے رہے ہیں۔

 

ٹیگس