May ۰۱, ۲۰۲۲ ۱۷:۵۸ Asia/Tehran
  • عمران خان سمیت مختلف رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج

مدینہ منورہ میں مسجد النبی کے اندر نعرے بازی کے تعلق سے پاکستان میں، سابق وزیر اعظم عمران خان سمیت مختلف رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج ہوا ہے ۔

پاکستانی میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کے بعض دیگر رہنماؤں کے خلاف یہ مقدمہ تعزیرات پاکستان کی دفعات ، 295، 295 اے، 296 اور 109 کے تحت قائم کیا گیا ہے ۔
ایک شہری کی جانب سے درج کرائے گئے اس مقدمے میں پندرہ افراد کو نامزد کیا گیا ہے ۔ نامزد کئے جانے والوں میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کے علاوہ ، فواد چودھری ، شہباز گل، قاسم سوری ، صاحبزادہ جہانگیر، انیل مسرت، سابق وزیر داخلہ شیخ رشید اور ان کے بھتیجے شخ راشد کے نام شامل ہیں ۔
اس مقدمے میں وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کے ہمراہ وفد کے مسجد النبی میں داخل ہونے کے بعد پیش آنے والے واقعے کو سوچی سمجھی سازش قرار دیا گیا ہے۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ سنیچر کی رات دیرگئے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کے میڈیا سینٹر پر سیکورٹی اہلکاروں نے چھاپہ مارا ہے ۔
اسی کے ساتھ شیخ رشید کے بھتیجے شیخ راشد جب عمرے کی ادائگی کے بعد اسلام آباد واپس پہنچے تو انہیں گرفتار کرلیا گیا۔

 

 

ٹیگس