پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے خلاف درج مقدمات واپس لئے جائیں: پاکستان انسانی حقوق کمیشن
پاکستان کے انسانی حقوق کمیشن نے پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے خلاف درج مقدمات فوری طور پر واپس لئے جانےکا مطالبہ کیا ہے۔
پاکستان کے انسانی حقوق کمیشن ایچ آر سی پی کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں پر جو مقدمات تعزیرات پاکستان کی دفعہ دو سو پچانوے کے تحت درج کئے گئے ہیں انہیں فوری طور پر واپس لیا جائے۔
پاکستان کے انسانی حقوق کمیشن کا کہنا ہے کہ کوئی حکومت یا سیاسی پارٹی مخالفین کےخلاف توہین مذہب کا الزام بطورہتھیار استعمال کرنے کی مجاز نہیں ہے ۔
واضح رہے کہ ، مدینہ منورہ میں مسجد النبی(ص) کے اندر نعرے بازی کے تعلق سے پاکستان کے ایک شہری کی شکایت پرپی ٹی آئی کے اہم رہنماؤں سمیت ایک سو پچاس افراد کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعہ دو پچانوے سمیت متعدد دفعات کے تحت مقدمات درج کئے گئے ہیں ۔ ان مقدمات میں پی ٹی آئی کے جن رہنماؤں کو نامزد کیا گیا ہے ان میں سابق وزیراعظم عمران خان ، سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید اور وفاقی وزیر فواد چودھری کے نام شامل ہیں ۔
دوسری جانب سعودی عرب سے واپسی پر شیخ رشید کے بھتیجے راشد شفیق کو گرفتار کرلیا گیا ہےاور سول جج مشتاق حسین کی عدالت نے شیخ راشد شفیق کا جسمانی ریمانڈ منظورکرلیا ہے۔ شیخ راشد شفیق نے واقعہ کی ویڈیو پوسٹ کرکے عمران کو فاتح قرار دیا تھا۔