عمران خان کے تعلق سے بڑا دعوی سامنے آ گیا
پاکستان کے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل نے پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف بڑا دعوی کیا ہے۔
پاکستان کے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل سید خورشید شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دعوی کیا کہ جارج بش نے بےنظیر بھٹو کو عمران خان کا خیال رکھنے کا کہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امپورٹڈ حکومت کہنے والا خود امپورٹڈ ہے، عمران خان کو تو پاکستان کے لیے تیار کیا گیا ہے، جارج بش نے بے نظیر بھٹو کو کہا تھا اس بچے کا خیال رکھنا، یہ خود امپورٹڈ ہے، اس حکومت کو امپورٹڈ کہتا ہے، ہم انتقام کی سیاست نہیں کرنا چاہتے ہیں، اگر کوئی لاکھوں کا جلوس لیکر آتا ہے تو آنے دیں، ہمیں گرفتاریاں نہیں کرنا ہیں، ہمیں صرف معاشی ترقی لانی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان نے شہباز شریف کی موجودہ حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ امپورٹڈ ہے اور امریکہ کی گرین سگنل سے بر سر اقتدار آئی ہے جبکہ تحریک انصاف کی عوامی حکومت کو امریکہ کی بات نہ ماننے پر برطرف کیا گیا۔