حکومت کرائے گی تحقیق، پی ٹی آئی نے انکوائری کمیشن کے بارے میں رکھی شرط
پاکستان کی وفاقی حکومت نے سابق وزیر اعظم عمران خان کے بیرون ملک سازش کے الزامات کی تحقیق کے لئے انکوائری کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس فیصلے کا اعلان پاکستان کی وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس میں کیا۔ انھوں نے کہا کہ یہ تحقیقاتی کمیشن خود مختار ہوگا اور عوام کے سامنے فیصلہ کرے گا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ اس تحقیقاتی کمیشن کا سربراہ ایسا شخص ہوگا جس پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ رپورٹ عوام کے سامنے پیش کی جائے گی جس کے بعد دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔
پاکستان کی وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے موجودہ حکومت کے خلاف سابق وزیر اعظم عمران خان کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت وزیر اعظم کی کرسی پر بیٹھا شخص ملک کے عوام کو بچانے کے لئے اقداما ت انجام دے رہا ہے۔
دوسری طرف سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے حکومت کے اس اعلان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی، حکومت کی جانب سے بنائے جانے والے کسی بھی کمیشن کو تسلیم نہیں کرے گی۔ انھوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں کہا کہ ان کی پارٹی سازش کی تحقیق کے لئے صرف ایسے عدالتی کمیشن کو تسلیم کرے گی جو کھلی سماعت کرے۔