پی ٹی آئی کے جلسے کا مقام تبدیل، گرفتار کارکن رہا
سیالکوٹ میں انتظامیہ نے پی ٹی آئی کے جلسے کی تیاریاں روک دی ہیں
میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ سیالکوٹ میں پولیس نے پی ٹی آئی کے جلسے کے لیے بغیر اجازت سی ٹی آئی گراؤنڈ میں انتظامات کیے جانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عثمان ڈار سمیت چالیس کارکنوں کو گرفتار کرلیا تاہم کچھ دیر بعد انہیں رہا کردیا گیا جبکہ پی ٹی آئی نے بھی جلسے کا مقام تبدیل کرلیا اور اب یہ جلسہ وی آئی پی کرکٹ گراؤنڈ میں ہوگا ۔ اسی کے ساتھ عمران خان نے سوشل میڈیا پر ایک بیان جاری کرکے کہا ہے کہ وہ سیالکوٹ جارہے ہیں اور وہاں ان کی پارٹی کا جلسہ ہر حال میں ہوگا۔
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف ، سیالکوٹ کے سی ٹی آئی گراؤنڈ میں جلسہ کرنا چاہتی تھی جس کی مخالفت میں عیسائی برادری نے مظاہرہ کیا تھا ۔ عیسائی برادری کا کہنا تھا کہ تاریخ میں کبھی سی ٹی آئی گراؤنڈ پرسیاسی اجتماع نہیں ہوا ہے ۔ ان کا کہنا تھا سی ٹی آئی گراؤنڈ ایک سو اٹھارہ برس سے صرف مذہبی رسومات کے لئے مخصوص ہے۔
عیسائی برادری کی مخالفت کے بعد ضلعی انتظامیہ نے اس گراؤنڈ میں پی ٹی آئی کو جلسہ کرنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا تھا۔