کراچی کی کثیر منزلہ عمارت میں آتشزدگی کا چوتھا دن
پاکستان کے شہر کراچی کی ایک کثیر المنزلہ عمارت بھیانک آگ کی لپیٹ میں آ گئی اور چار روز گزر جانے کے بعد بھی اُس پر قابو نہیں پایا جا سکا۔
سحر نیوز/پاکستان: کراچی کی جیل چورنگی کے قریب ایک کثیر المنزلہ عمارت کے اندر واقع سپر اسٹور کے تہہ خانے میں لگنے والی آگ پر جمعہ کی شام تک مکمل طور پر قابو نہیں پایا جا سکا۔ پاکستانی ذرائع کے مطابق یہ آگ چار دن قبل لگی تھی جو فائر بریگیڈ عملے کی سر توڑ کوششوں کے باوجود جمعے کی شب تک بجھائی نہ جا سکی۔
معاملے کی حساسیت کے پیش نظر نیوی اور رینجرز کی ٹیمیں بھی امدادی کاموں کے لئے طلب کر لی گئی ہیں۔رپورٹ کے مطابق پہلی منزل پر رکھے سامان میں لگی آگ بجھانے کے لئے دیوار کو توڑنا پڑا۔
گزشتہ روز واٹر بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ اب تک دس لاکھ گیلن سے زائد پانی فراہم کیا جا چکا ہے۔ دوسری جانب آتشزدگی کے واقعے کے بعد کمشنر کراچی نے متعلقہ افسران کو شہر بھر میں قائم شاپنگ مالز اور اونچی عمارتوں کا بھی جائزہ لینے کی ہدایت کردی ہے۔
واضح رہے کہ آتشزدگی کے واقعے میں ایک شخص جاں بحق ہوچکا ہے جبکہ آپریشن کے دوران امدادی کاموں میں مصروف کئی اہلکاروں کی حالت بھی غیر ہوئی۔