جرمنی کی وزیر خارجہ پاکستان کے دورے میں کورونا میں مبتلا، ملاقاتیں منسوخ
جرمنی کی وزیر خارجہ نے آج اپنے دورہ پاکستان میں پاکستان کے وزیر خارجہ سے ملاقات کی۔
جرمنی کی وزیر خارجہ انالینا بیئربوک جو پاکستان کے دورے پر اسلام آباد میں ہیں آج ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا جس کے بعد انہوں نے اپنے دورے میں شیڈول ملاقاتوں کو منسوخ کردیا۔
کورونا ٹیسٹ مثبت آنے سے قبل آج صبح انہوں نے پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات اور مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔
اسلام آباد وزارت خارجہ میں جرمن وزیر خارجہ انالینا بیئربوک کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان دیرینہ تعلقات اور شراکت داری ہے، علاقائی امن و استحکام کے لیے دونوں ممالک میں تعاون موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ افغان عالمی برادری کے انسانی حقوق، خواتین کے ساتھ حقوق پرعالمی برادری کے جذبات کا احترام کریں گے، ضروری ہے کہ دنیا افغان عوام پر توجہ دے، ہم نے افغانستان سے 24 ممالک کے 90 ہزار افراد کے انخلاء میں مدد دی۔
واضح رہے کہ جرمنی کی وزیر خارجہ آج صبح پاکستان پہنچی تھیں۔