Jun ۱۶, ۲۰۲۲ ۰۰:۱۰ Asia/Tehran
  • پاکستان میں پھر گرا پیٹرول بم

پاکستان کی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کرتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں 24 روپے 3 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 59 روپے 16 پیسے اضافے کا اعلان کردیا۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل کا نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ رات بارہ بجے سے پیٹرول کی قیمت 24 روپے 3 پیسے سے بڑھ کر 233 روپے 89 پیسے ہو گیا ، ڈیزل کی قیمت کی 59 روپے 16 پیسے اضافے کے ساتھ بڑھ کر 263 روپے 31 پیسے ہو جائے گی جب کہ مٹی کے تیل کی قیمت 29 روپے 49 پیسے بڑھ کر 211 روپے 43 پیسے ہو جائے گی، لائٹ ڈیزل کی قیمت 29.16 اضافے کے بعد 207.47 روپے ہو جائے گی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا تھا اس کا ہم کچھ نہیں کرسکتے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ یکم اور 15 تاریخ کو پیٹرول کی قیمتوں میں رد وبدل کیا جاتا ہے، جب فروری میں عمران خان کی حکومت نے یہ سمجھا کہ ان کی حکومت کے آخری دن شروع ہوگئے ہیں تو انہوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کم کردیں، سیلز ٹیکس اور پیٹرولیم لیوی بھی ختم کردیا، بلکہ اس میں نقصان شروع کر دیا جس کو پرائس ڈیفرنشل کلیم کہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں 85 یا 90 ڈالر پر موجود تھیں، اس کے بعد عالمی منڈی میں قیمتیں بتدریج بڑھتی گئیں، آج 15 جون کو عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت 120 ڈالر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گو کہ ہم نے 2 بار پیٹرولیم مصنوعات کی قیتموں میں اضافہ کیا ہے لیکن اس کے باوجود پیٹرول کی قیمت میں 24 روپے 3 پیسے کا نقصان کررہے ہیں، ڈیزل میں 59 روپے 16 پیسے کا نقصان، مٹی کے تیل میں 29 روپے 49 پیسے کا نقصان ہورہا ہے جبکہ لائٹ ڈیزل میں 29 روپے 16 پیسے کا نقصان ہورہا ہے۔

ٹیگس