کیا اس بارعمران خان مارچ کی کال دینے کے اعلان پر عمل کریں گے؟
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور اس ملک کے سابق وزیر اعظم عمران خان نے ایک مرتبہ پھر کہا ہے کہ ان کی حکومت امریکی سازش کی وجہ سے ختم کی گئی۔
سوشل میڈیا انفلوئنسرز سے خطاب کے دوران پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکومت رجیم چینج سازش کا حصہ بنی، سازش تھی یا مداخلت اس کی تحقیقات ہونی چاہیے اور ڈی جی آئی ایس پی آر یہ طے نہیں کر سکتے کہ سازش نہیں تھی۔
عمران خان ںے کہا کہ میں اس ملک کا وزیراعظم تھا میرے سامنے تحقیقات نہیں آئیں، جو اس سازش میں ملوث ہے وہ چاہتے ہیں خفیہ پیغام کو دبا دیا جائے، عدم اعتماد کے پیچھے مہنگائی کا جھوٹا بیانیہ بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ عوام اس وقت مہنگائی کے باعث غصے سے بھرے بیٹھے ہیں میں 10 جولائی سے پہلے مارچ کی کال دے سکتا ہوں اس لئے پاکستانی عوام تیاری کر لیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ان کی اپنی حکومت میں قومی سلامتی کمیٹی نے ہمارا موقف تسلیم کیا۔
عمران خان نے کہا کہ کوئی ہارٹ اٹیک سے مر رہا ہے کوئی خود کشی کر رہا ہے، پاکستان کو اصل مسئلہ ڈالرز کی کمی کا ہےاور اس وقت ملک میں 30 فیصد مہنگائی ہو چکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 25 مئی کو جس طرح پولیس نے تشدد کیا اس کی مثال نہیں ملتی ، رائیٹ ٹو پروٹیسٹ اور رائیٹ ٹو موومنٹ کو کوئی نہیں روک سکتا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی چند مرتبہ عمران خان نے کہا تھا کہ وہ مارچ کی کال دیں گے لیکن ہر بار انہوں نے تاریخ گذرنے کے باوجود مارچ کی کال نہیں دی ۔ اس لئے اس بار بھی ان کی کال پر کہا جا رہا ہے کہ کیا وہ اس بار اپنے اعلان پر عمل کریں گے؟