Jun ۲۱, ۲۰۲۲ ۲۱:۴۵ Asia/Tehran
  • عمران خان پر بلاول بھٹو کا شدید حملہ، کرپشن کا دینا ہوگا جواب

پاکستان کے وزیر خارجہ اور پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان نے کرپشن کے لیے اپنی اہلیہ کے ساتھ مل کر ایک کمپنی بنائی مگر اب انہیں عدالتوں میں کرپشن کا جواب دینا ہوگا۔

سحر نیوز/ پاکستان : لاڑکانہ میں بے نظیر بھٹو کے یومِ پیدائش کے حوالے سے منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان نے کمپنی میں کک بیکس پہنچائے اور اُس کمپنی کے ذریعے مختلف لوگوں نے کرپشن کی۔

انہوں نے کہا کہ اب عمران خان اور اُن کی اہلیہ کو عدالتوں میں کرپشن کا جواب دینا ہوگا، وہ اس سے بچنے کے لیے سازش - سازش کی رٹ لگا رہے ہیں مگر عوام نے اب اُن کا چہرہ پہچان لیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اب عوام اور بالخصوص پاکستان پیپلزپارٹی کے کارکنان اس جھوٹ پر یقین نہیں کریں گے اور ان کا اصل چہرہ عوام کے سامنے لائیں گے، پی پی کے کارکنان نے جیسے ماضی میں پاکستان کو مشکلات سے نکالا ویسے ہی اب عمران خان کی تیار کی گئی مشکلات سے نجات دلائیں گے۔

پاکستان کے وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں تمام جماعتیں ملک کی ترقی کے لیے کام کررہی ہیں، ہم سب نے جب نالائق سلیکٹڈ کو برداشت کیا تو ہمیں تھوڑی دیر اتحادی جماعتوں کی حکومت کو بھی ٹائم دینا چاہیے تاکہ ہم معاشی اور انتخابی ریفارمز کر کے الیکشن کی طرف جائیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایک بار یہ سارے کام مکمل ہونے کے بعد ہم پھر شہر شہر جاکر بے نظیر بھٹو اور ذوالفقار علی بھٹو کا پیغام پہنچائیں گے اور اپنی جیت کے لیے مقابلہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے وزیر خارجہ بننے کے بعد بہت سارے ممالک کا دورہ کیا اور پاکستان کی ساکھ  کو دوبارہ بحال کرنے کی کوشش کی، ہم نے امریکا سے دو طرفہ تجارتی تعلقات بہتر کرنے کی بات کی۔

ٹیگس