پاکستان: ستائیسویں آئينی ترمیم کے سلسلے میں طلب کیا گیا کابینہ کا اجلاس ملتوی
آئین میں مجوزہ 27 ویں ترمیم پر مشاورت کے لیے وفاقی کابینہ کا طلب کیا گیا اجلاس ملتوی کردیا گیا ہے۔ اجلاس کے انعقاد کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا اجلاس آج صبح پونے 10 بجے طلب کیا تھا، جس میں مجوزہ 27 ویں آئینی ترمیم پر مشاورت کی جانی تھی تاہم اب اس اجلاس کو ملتوی کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس کے انعقاد کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔ وفاقی کابینہ کا اجلاس ری شیڈول کرنے سے متعلق کابینہ کے ارکان کو آگاہ کردیا گیاہے۔ ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کی سی ای سی کے 27 ویں ترمیم پر تحفظات کے سبب کابینہ کا اجلاس ملتوی کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ حکومت کی اتحادی پاکستان پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے گزشتہ روز مجوزہ 27 ویں آئینی ترمیم پر طویل غور و خوض کے بعد مسلح افواج سے متعلق آرٹیکل 243 کے علاوہ 27 ویں آئینی ترمیم کی تمام شقوں کو مسترد کرنے کا اعلان کیا تھا۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ حکومت کی مجوزہ آئینی ترامیم پر بات چیت جمعہ کو بھی جاری رہے گی لیکن پیپلز پارٹی صوبوں کے مالیاتی حقوق پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کر سکتی۔
اس سے پہلے گزشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم پاکستان کے وفود نے اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقاتیں کی تھیں۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے 7 رکنی وفد کی قیادت پارٹی کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کر رہے تھے، ملاقات میں مجوزہ 27 ویں آئینی ترمیم پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بیان میں مزید بتایا گیا تھا کہ ملاقات کے دوران مجوزہ 27 ویں آئینی ترمیم پر غور و خوض کیا گیا۔