Jun ۲۹, ۲۰۲۲ ۱۴:۵۱ Asia/Tehran
  • یزید کے خوف سے حضرت امام حسین کا ساتھ نہ دینے والے ظلم کی چکی میں پستے رہے: عمران خان

عمران خان نے کہا ہے کہ حضرت امام حسین علیہ السلام نے یزید کے خلاف قیام کیا۔

پاکستان کے سابق وزیراعظم اور تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے آج اسلام آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بڑی طاقت اللہ کی ہے اور ہمیں صرف اللہ سے ڈرنا چاہئیے اور امریکی غلامی سے آزادی حاصل کرنے کا راستہ بھی یہی ہے کہ ہم خوف کے بت کو پاش پاش کر دیں۔

عمران خان نے کہا کہ ہر زمانے میں یزید آتا ہے اور ظلم و ستم کرتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام نے یزید کے خلاف قیام کیا اور کوفہ کے لوگوں کو معلوم تھا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام حق پر ہیں لیکن یزید کے ظلم و ستم اور خوف کی وجہ سے انہوں نے حضرت امام حسین علیہ السلام کا ساتھ نہیں دیا جس کی وجہ سے آخر تک وہ پچھتائے اور ظلم و ستم کی چکی میں پستے رہے۔

تحریک انصاف کے چیرمین نے کہا کہ سب سے بڑی طاقت اللہ کی ہے ہمیں امریکہ سمیت کسی سے بھی نہیں ڈرنا چاہئیے۔ عمران خان نے کہا کہ امریکہ پاکستان میں مداخلت کر رہا ہے اور امریکی غلامی سے نجات حاصل کرنے کیلئے لوگوں کو گھروں سے نکلنا پڑے گا اور 2 جولائی کو ہم اسلام آباد میں سب سے بڑا جلسہ کریں گے۔ اس لئے عوام 2 جولائی کو امریکی غلامی سے نجات حاصل کرنے کیلئے گھروں سے نکلیں۔

ٹیگس