Jun ۳۰, ۲۰۲۲ ۲۰:۴۴ Asia/Tehran
  • پاکستان لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے پر اتحادی حکومت کا مشاورتی اجلاس

پاکستان میں پنجاب حکومت کے بارے میں لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے پر جہاں اتحادی حکومت نے مشاورتی اجلاس بلایا ہے وہیں پی ٹی آئی نے جشن منانے کے بعد مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

سحر نیوز/پاکستان: لاہور ہائی کورٹ کی لارجر بینچ نے پنجاب کے وزیر اعلا حمزہ شہباز کی حکومت کے خلاف اپیلوں پر فیصلے میں منحرف ارکان کے پچیس ووٹوں کو نکال کر دوبارہ گنتی کا حکم دیا ہے۔
لاہور ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ پچیس ارکان کے ووٹ نکالنے کے بعد اکثریت باقی نہ رہنے پر حمزہ شہباز وزیر اعلا نہیں رہیں گے۔ عدالت نے اپنے تحریری فیصلے میں کہا ہے کہ دوبارہ الیکشن کا حکم نہیں دیا جا سکتا کیونکہ یہ حکم سپریم کورٹ کے فیصلے سے متصادم ہوگا۔ عدالت نے اسی کے ساتھ پریزائیڈنگ افسر کے نوٹیفیکشن کو کالعدم قرار دینے سے بھی انکار کر دیا ہے۔ اس فیصلے پر وزیر اعظم شہباز شریف نے مشاورتی اجلاس طلب کرلیا ہے۔
دوسری جانب جشن منانے کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے فیصلے پر مایوسی ظاہر کی ہے۔ پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ اس فیصلے نے پنجاب میں سیاسی بحران شدید تر کر دیا ہے۔ انہوں نے فیصلے میں خامیوں کی نشاندھی کرتے ہوئے اس کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔
رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ اس فیصلے کے مطابق پچیس منحرف ارکان کے ووٹوں کو الگ کرنے اور پی ٹی آئی کو پانچ مخصوص نشستیں مل جانے کے بعد بھی حکمراں اتحاد کو تین ووٹوں کی برتری حاصل رہے گی۔

ٹیگس