پاکستان؛ سکیورٹی فورسز پر خودکش حملہ، 10 زخمی، 3 کی حالت نازک
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقے شمالی وزیرستان میں ایک خودکش حملہ آور نے سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ کیا جس میں کم از کم 10 اہلکار زخمی ہو ئے، جن میں سے 3 کی حالت نازک ہے۔
پاکستانی ذرائع کے مطابق فوج کا ایک قافلہ میرعلی سے ضلعی ہیڈکوارٹر میران شاہ جا رہا تھا کہ ایک موٹر سائیکل پر سوار خودکش بمبار نے گاڑی کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
ڈپٹی کمشنر شاہد علی خان نے قافلے پر خودکش حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ 10 سکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے۔ قبل ازیں ایک پولیس اہلکار نے بتایا تھا کہ حملے میں 15 اہلکار زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 3 کی حالت نازک بنی ہوئی ہے اور انہیں بنوں گیریژن کے ملٹری ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
حملے کے فوراً بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور سرچ آپریشن جاری رہا۔
ابھی تک کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران سکیورٹی فورسز پر ہونے والا یہ دوسرا خودکش حملہ تھا۔ اس سے قبل 30 مئی کو شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں ایک موٹر سائیکل پر سوار خودکش بمبار نے سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ کیا تھا جس میں دو فوجی اور دو بچے زخمی ہوئے تھے۔