آئی ایم ایف اور پاکستان میں معاہدہ
عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف سے پاکستان کو ایک ارب سترہ کروڑ ڈالر کی رقم ملے گی۔
پاکستان کے وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ اسلام آباد اور عالمی مالیاتی فنڈ آئی ایم ایف کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے۔ وفاقی وزیرِ خزانہ نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کی تصدیق کرتے ہوئے ٹوئٹر پر عالمی مالیاتی ادارے کا اعلامیہ شیئر کیا ہے۔
مفتاح اسماعیل نے اپنے ٹوئٹ میں بتایا ہے کہ آئی ایم ایف پاکستان کو، ساتویں اور آٹھویں قسط کی مد میں ایک ارب سترہ کروڑ ڈالر فراہم کرے گا۔
معاہدے سے متعلق آئی ایم ایف کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو طلب و رسد پر مبنی ایکسچینج ریٹ کا تسلسل برقرار رکھنا ہو گا، اور مستعد مانیٹری پالیسی اور سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانا ہو گی۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ ایکسپورٹ ری فنانس اسکیمیں، شرح سود سے منسلک رہیں گی، کرپشن کنٹرول کرنے کے لیے پاکستان میں الیکٹرانک طور پر اثاثے ظاہر کرنے پر کام ہو رہا ہے، حکومت پاکستان، نیب سمیت اینٹی کرپشن اداروں کی اثر انگیزی بہتر کرنے کے لیے کام کرے گی۔
آئی ایم ایف کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو ایک ارب سترہ کروڑ ڈالر دستیاب ہوں گے تاہم پاکستان کو حالیہ بجٹ پر سختی سے عمل کرنا ہو گا ۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ عالمی حالات کے تناظر میں پاکستان کو اضافی اقدامات کے لیے بھی تیار رہنا ہو گا ۔ آئی ایم ایف اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عالمی مہنگائی اور اہم فیصلوں میں تاخیر سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کم ہوئے، زائد طلب کے سبب، معیشت اتنی تیز تر ہوئی کہ بیرونی ادائیگیوں میں بڑا خسارہ ہوا۔