پنجاب، ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی نے ماری بازی
پاکستان کے صوبہ پنجاب میں صوبائی اسمبلی کی 20 نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کے نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف لاہور، ملتان، ڈیرہ غازی خان، ساہیوال اور خوشاب کی نشستوں پر کامیاب ہوگئی جبکہ پارٹی کو 12 نشستوں پر واضح برتری حاصل ہے۔
اب تک موصول ہونے والے غیر سرکاری اور غیر حتمی انتخابی نتائج کے مطابق ن لیگ کو 2 اور آزاد امیدوارکو ایک نشست پر برتری حاصل ہے۔
پانچ بجے سے قبل پولنگ اسٹیشن میں داخل ہونے والے ووٹرز نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا جبکہ مقررہ وقت کے بعد آنے والے ووٹرز کو پولنگ اسٹیشن میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی۔
صوبائی اسمبلی کی ان 20 نشستوں پر مجموعی طور پر 175 امیدواروں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہے جن میں پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن کے امیدوار نمایاں ہیں۔ ان حلقوں میں رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد 45 لاکھ 79 ہزار 898 ہے۔
پولنگ کے لیے 3 ہزار 131 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں سے 1900 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے، ضمنی انتخاب میں امن و امان کے پیش نظر صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کو پنجاب میں اپنی برتری برقرار رکھنے کیلئے 20 میں سے 9 نشستیں جیتنا ضروری ہے۔
یاد رہے کہ 20 مئی کو الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی میں حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ کا ووٹ دینے والے تحریک انصاف کے منحرف ارکان کی رکنیت ختم کردی تھی۔