Jul ۲۲, ۲۰۲۲ ۰۹:۱۴ Asia/Tehran
  • کون بنے گا وزیر اعلیٰ پنجاب؟ فیصلہ آج ہوگا

پاکستانی عوام کی نظریں پنجاب میں ہونے والے وزیر اعلیٰ کے انتخاب پر ہیں جس کے نتائج ملکی سیاست کا آئندہ مستقبل طے کریں گے۔

پاکستان کے صوبے پنجاب کے وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے لیے آج سخت مقابلہ ہونے جا رہا ہے جہاں دونوں ہی امیدوار پرویز الہیٰ اور حمزہ شہباز اپنی اپنی کامیابی کو لے کر پُرامید نظر آ رہے ہیں۔

پاکستانی ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے ایک سو اٹھاسی اور ن لیگ اور اتحادیوں کے ایک سو اٹھہتر اراکین اسمبلی کے مابین آج زور آزمائی ہوگی۔ بتایا جاتا ہے کہ معاملے کی حساسیت کے پیش نظر پنجاب اسمبلی میں مہمانوں کا داخلہ بند کر دیا گیا جبکہ میڈیا کو پریس گیلری تک ہی جانے کی اجازت ہوگی اور ساتھ ہی کسی کو موبائل فون لے جانے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔

پنجاب اسمبلی میں وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے سلسلے میں جمعہ کو ہونے والے اجلاس کے موقع پر سیکیورٹی کے خاص انتظامات کئے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ بیس حلقوں میں پنجاب اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں کامیاب ہونے والے پی ٹی آئی کے پندرہ، مسلم لیگ (ن) کے تین اور ایک آزاد رکن نے حلف اٹھا لیا۔ اسپیکر چوہدری پرویز الہٰی نے نومنتخب اراکین سے حلف لیا۔ یہ اراکین وزیر اعلیٰ کے انتخاب میں شامل رہیں گے۔

پنجاب اسمبلی میں وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے سلسلے میں آج جمعہ کو ہونے والے اجلاس کی سیکیورٹی سے متعلق ڈپٹی اسپیکر کے مراسلے پر سیکیورٹی پلان مرتب کرلیا گیا۔

 

ٹیگس