Jul ۲۷, ۲۰۲۲ ۰۸:۲۴ Asia/Tehran
  • پرویز الہیٰ نے وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا، پاکستان بھر میں جشن۔ تصاویر

 پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین عمران خان نے عدالتی فیصلہ حق میں آنے کے بعد عوام کے ساتھ جشن منانے کا اعلان کیا۔

پاکستانی ذرائع کے مطابق پرویز الہیٰ نے گزشتہ شب دیر گئے وزیر اعلیٰ پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھا لیا جس کے بعد انکے حامی سڑکوں پر نکل آئے اور کامیابی کا جشن منایا۔ حلف برداری کی تقریب اسلام آباد کے ایوان صدر میں ہوئی جہاں صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے چودھری پرویز الہیٰ سے وزیر اعلیٰ پنجاب کے عہدے کا حلف لیا۔

چودھری پرویز الٰہی سے حلف لیتے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی

قبل ازیں گورنر پنجاب کے انکار کے بعد چودھری پرویز الہیٰ حلف برداری کیلیے خصوصی طیارے سے اسلام آباد پہنچے جہاں اُن کا مونس الہیٰ نے استقبال کیا۔

پرویز الٰہی حلف برداری کے لئے خصوصی طیارے سے اسلام آباد جاتے ہوئے

سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق گورنر کی عدم دستیابی کی صورت میں صدر ڈاکٹر عارف علوی کو چودھری پرویز الہٰی سے وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدہ کا حلف لینے کا حکم دیا گیا  تھا۔

 پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین عمران خان نے عدالتی فیصلہ آنے کے بعد عوام کے ساتھ جشن منانے کا اعلان کر دیا۔

دوسری طرف سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں سابق وزیر اعظم نے لکھا کہ میں سپریم کورٹ کے ججوں کی ہر طرح کی دھمکیوں کے خلاف ثابت قدم رہنے اور آئین اور قانون کی حکمرانی بحال کرنے پر انکی قدردانی کرتا ہوں۔

خیال رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے گزشتہ روز ایک اہم اور حساس فیصلہ سناتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ اور نتیجتاً پنجاب کابینہ کو کالعدم قرار دے دیا تھا۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی حکم دیا کہ حمزہ شہباز اور ان کی کابینہ فوری طور پر عہدہ چھوڑیں اور پرویز الٰہی بطور وزیر اعلیٰ پنجاب حلف لیں۔

 

ٹیگس