Jul ۳۰, ۲۰۲۲ ۱۹:۵۲ Asia/Tehran
  • پاکستان میں پی ٹی آئی کا ہنگامی اجلاس

پاکستان میں تحریک انصاف نے چیف الیکشن کمشنر کے خلاف جوڈیشیل ریفرنس دائر کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

پاکستانی میڈیا ذرائع کے مطابق سنیچر کو پی ٹی آئی کا ہنگامی اجلاس پارٹی کے چیئر مین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں پی ٹی آئی کے خلاف فارن فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کے کردار کو منفی قرار دیا گیا اور چیف الیکشن کمشنر کے خلاف عدالتی ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

پی ٹی آئی کے اجلاس میں حکمراں اتحاد کے وفد سے الیکشن کمیشن کے اراکین کی ملاقات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے ذرائع نے بتایا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر قانونی امور کے ماہرین نے چیف الیکشن کمشنر کے خلاف عدالتی ریفرنس کی تیاری پر کام شروع کردیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے ذرائع نے بتایا ہے کہ دو صوبائی اسمبلیاں، موجودہ الیکشن کمیشن کے خلاف عدم اعتماد کی قرار دادیں بھی پاس کریں گی۔

قابل ذکر ہے کہ پی ٹی آئی کا مطالبہ ہے کہ الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کی فارن فنڈنگ کے ساتھ ہی مسلم لیگ نون اور پیپلز پارٹی کی فنڈنگ کا مسئلہ بھی اٹھائے ۔

یاد رہے کہ فائنینشیل ٹائمز میں عارف نقوی کی کمپنی کے ذریعے پی ٹی آئی کی فنڈنگ کی رپورٹ شائع ہونے کے بعد پاکستان میں یہ مسئلہ ایک بار پھر موضوع بحث بن گیا ہے ۔

عارف نقوی برطانیہ کی جیل میں بند ہیں جنہیں ایک برطانوی عدالت نے امریکا کے حوالے کرنے کی اجازت دے دی ہے۔عمران خان نے عارف نقوی سے فنڈ ملنے کی تصدیق کردی ہے لیکن کہا ہے کہ سارے فنڈ بینکنگ چـینل کے ذریعے آئے اور پارٹی کے آڈٹ شدہ کھاتوں میں ظاہر کئے گئے ہیں ۔

ٹیگس