الیکشن کمیشن کے فیصلےکےخلاف عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے: پی ٹی آئی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کا فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا ۔
پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور مرکزی رہنما اسد عمر نے الگ الگ بیانات میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کیا ہے۔
اسد عمر نے فرخ حبیب کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا کہ الیکشن کمیشن کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ توہین عدالت کی درخواست 2 سے 3 دن میں اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کریں گے، اس حوالے سے 2 پٹیشنز دائر کی جائیں گی۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایک درخواست توہین عدالت کی ہوگی، جس میں الیکشن کمیشن کی سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی کا ذکر ہوگا۔
اُن کا کہنا تھا کہ دوسری درخواست ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے میں قانونی غلطیوں کے خلاف ہوگی۔
اسد عمر نے یہ بھی کہا کہ الیکشن کمیشن نے 2 ماہ میں پی ٹی آئی کے خلاف 8 فیصلے دیے، جنہیں عدالتوں نے مسترد کردیا۔
تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کو پارٹی کی فتح قرار دیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ فتح پی ٹی آئی کی ہوئی اور موجودہ حکومت کو منہ کی کھانی پڑی ہے۔
انہوں نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف عدالت جانے کا اشارہ دیا اور کہا کہ ہم عدالت کو ہر چیز کا جواب دیں گے لیکن دیگر جماعتوں کے خلاف بھی کیسز کھولے جائیں۔
وائس چیئرمین نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی پر پابندی لگنے کی خواہش پوری نہیں ہوگی۔