پی ڈی ایم سے مذاکرات کے لئے عمران خان کی آمادگی
پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے اپنے روایتی مؤقف سے ہٹ کرپاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ سے بات چیت کے لئے آمادگی ظاہر کردی ہے۔
پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق سابق وزیر اعظم اور پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ نئے انتخابات کی تاریخ کا اعلان کئے جانے کے بعد وہ پی ڈی ایم سے ہرموضوع پر بات چیت کے لئے تیار ہیں ۔
عمران خان کا یہ بیان ایسی حالت میں سامنے آیا ہے کہ اب تک وہ یہ کہتے رہے ہیں کہ بدمعاشوں اورلٹیروں سے کبھی مذاکرات نہیں کریں گے۔عمران خان نے پی ڈی ایم سے مذاکرات کے لئے آمادگی کا اعلان کرنے کے ساتھ ہی دعویٰ بھی کیا کہ پی ڈی ایم کی قیادت 'الجھن' میں ہے کیونکہ وہ اپنی گرتی ہوئی مقبولیت کی وجہ سے فوری انتخاب نہیں چاہتے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں ایک اور توسیع کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ آرمی چیف سمیت فوج میں تقرریاں میرٹ پر ہونی چاہئیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں فوج میں میرٹ کے لیے کوشش کرنی چاہیے تاکہ بہترین افسران رینک کے ذریعے اوپر آسکیں۔
خیبر پختونخوا کے علاقے میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان ٹی ٹی پی کے دوبارہ سر اٹھانے کے بارے میں عمران خان نے خدشہ ظاہر کیا کہ یہ صوبے میں ان کی پارٹی کی حکومت کوغیر مستحکم کرنے کے منصوبے کی طرح لگتا ہے، تاہم انہوں نے اس اقدام کے نتائج کے بارے میں خبردار کیا۔