Aug ۱۸, ۲۰۲۲ ۰۰:۳۸ Asia/Tehran
  • پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کی حالت بگڑی، ہسپتال منتقل

بغاوت کے الزام میں گرفتار پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وزیر اعظم عمران خان کے چیف آف اسٹاف شہباز گل کو اڈیالہ جیل میں حالت بگڑ جانے کے بعد پمز اسپتال منتقل کردیا گیا۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی ذرائع کےمطابق پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر شہباز گل کو طبیعت بگڑ جانے کے باعث اڈیالہ جیل سے پمز ہسپتال کی ایمبولینس میں وارڈ منتقل کر دیا گیا اور اس دوران شہباز گل کو آکسیجن لگی ہوئی تھی۔

یہ خبر عام ہونے کے بعد پاکستان کی اپوزیشن جماعت تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں نے حکومت پر الزام لگایا کہ اُس نے پولیس کو تشدد کے لئے ہری جھنڈی دکھائی جس کے بعد تشدد کے باعث شہباز گل کی حالت اس حد تک بگڑ گئی کہ انہیں اسپتال منتقل کرنا پڑا۔

سوشل میڈیا پر آنے والے ویڈیو فوٹیج کے مطابق گزشتہ شب جہاں ایک طرف پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے میڈیا کے سامنے شدید احتجاج کیا ہیں پی ٹی آئی کارکن اور بعض وکلا نے اسپتال کے سامنے دھرنا دیتے ہوئے پولیس کے مبینہ تشدد کی سخت مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ شہباز گل سے انہیں ملنے کی اجازت دی جائے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کے رہنما اعجاز چوہدری پمز ہسپتال پہنچ گئے اور وفاقی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور شہباز گل کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا۔

قبل ازیں، عدالت نے شہباز گل کی دو روزہ جسمانی ریمانڈ کی منظوری دی تھی، جس کے بعد اسلام آباد پولیس شہباز گل کو لینے اڈیالہ جیل پہنچی تھی۔

 

 

ٹیگس