امریکہ کو اپنے مفادات سے زیادہ کوئی چیزعزیز نہیں: عمران خان
عمران خان نے کہا ہے کہ میری جدوجہد حقیقی آزادی کیلئے ہے امریکہ کی غلامی مجھے منظور نہیں ہے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے اسلام آباد میں آزادی اظہار رائے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کسی کا دوست نہیں ہے اور وہ صرف اور صرف اپنے مفادات کے درپے ہے۔ اسے اپنے مفادات سے زیادہ کوئی چیز عزیز نہیں ہے۔
عمران خان نے کہا کہ امریکہ یہ چاہتا ہے کہ پاکستان کے حکمرانوں کو امریکہ سے اگر ٹیلی فون کال آ جائے تو وہ یس سر کے علاوہ اور کچھ نہ کہے۔ انہوں نے کہا کہ میری جدوجہد حقیقی آزادی کیلئے ہے امریکہ کی غلامی مجھے منظور نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کا ایک انڈر سیکریٹری پاکستان کو دھمکی دیتا ہے کہ اگرعمران خان کی حکومت کو ہٹایا نہ گیا تو پاکستان کو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ آزادی اظہار رائے کا مطلب یہ نہیں کہ کسی کی پگڑی اچھالیں، جب آزادی آتی ہے تو ذمہ داری بھی آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اینٹی امریکا نہیں، لیکن امریکہ کی غلامی بھی مجھے منظور نہیں مجھے اپنے لوگوں کے مفادات کا تحفظ کرنا ہے۔
پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ شہباز گل سے ایک جملہ نکل گیا جو اس کو نہیں کہنا چاہیے تھا لیکن ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ مریم نواز، ایاز صادق، فضل الرحمان فوج کے خلاف ایسی باتیں کرگئے ان کے خلاف کچھ نہیں ہوا۔