Aug ۲۹, ۲۰۲۲ ۲۲:۰۶ Asia/Tehran
  • آئی ایم ایف بورڈ نے پاکستان کو قرض دینے کی منظوری دے دی

پاکستان کے وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے "آئی ایم ایف" کے بورڈ نے قرض بحالی پروگرام کی منظوری دے دی۔

سحر نیوز/ پاکستان: مفتاح اسمٰعیل نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ الحمداللہ آئی ایم ایف کے بورڈ نے ہمارے پروگرام کی بحالی کی منظوری دے دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اب عالمی مالیاتی ادارے سے 1 ارب 17 کروڑ ڈالر کی ساتویں اور آٹھویں قسط ملنی چاہیے۔

مفتاح اسمٰعیل کا مزید کہنا تھا کہ میں وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتا ہوں جہوں نے متعدد سخت فیصلے کئے اور پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔

خیال رہے کہ 22 اگست کو ڈان کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ سفارتی اور آئی ایم ایف ذرائع نے کہا تھا کہ پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان معاہدہ طے پانے کے نزدیک پہنچ گیا ہے کیونکہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کے تمام 24 ارکان کو اس معاہدے کی تکمیل کے لیے درکار اسٹاف رپورٹ کی کاپیاں موصول ہوگئی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق آئی ایم ایف بورڈ ارکان میں تقسیم کی گئی دستاویزات میں پاکستان کی جانب سے ایک لیٹر آف انٹینٹ بھی شامل تھا جس میں معیشت میں اصلاحات کے لیے آئی ایم ایف کی شرائط کو پورا کرنے کے لیے پاکستان کے منصوبوں کا ذکر کیا گیا تھا۔

ٹیگس