پاکستان فائنل کیلیے کوالیفائی کرگیا، افغانستان کو شکست
ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد افغانستان کو ایک وکٹ سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
سحر نیوز/ کھیل: 130 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کے 9 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے تھے اور آخری اوور میں قومی ٹیم کو جیت کے لیے 11 رنز درکار تھے، نسیم شاہ نے افغان بولر فضل الحق فاروقی کو دو گیندوں پر دو لگاتار چھکے لگا کر ٹیم کو فائنل میں پہنچایا۔
نا ممکن کو ممکن بنانے والی بلے باز نسیم شاہ نے روی شاستری کو انٹرویو میں بتایا کہ ان دو چھکوں کے مارنے پر لوگ بھول گئے کہ میں بولر بھی ہوں، مجھے یقین تھا کہ میں چھکے مار دوں گا اور چھکے مارنے کے لیے محمد حسنین کا بلا استعمال کیا۔
ایشیاء کپ 2022 کا فائنل پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 11 ستمبر اتوار کو کھیلا جائے گا۔
افغانستان کے اوپنرز نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا تاہم 36 رنز پر پہلی وکٹ گرتے ہی افغان ٹیم دباؤ میں آگئی جس کے بعد وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔ ابراہیم زدران سب سے زیادہ 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
رحمان اللہ گربز 17، حضرت اللہ زازئی 21، کریم جنت 15، نجیب اللہ زدران 10 اور کپتان محمد نبی صفر پر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے دو جبکہ محمد حسنین، محمد نواز، شاداب خان اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
سپر فور مرحلے میں افغان ٹیم کو اپنے پہلے میچ میں سری لنکا سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ پاکستان نے پہلے میچ میں ہندوستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی۔