عمران خان کے حامل طیارے میں تکنیکی خرابی کے باعث ہنگامی لینڈنگ، پی ٹی آئی کی تردید
پاکستان کے بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان کے حامل طیارے نے ایک تکنیکی خرابی کے باعث ہنگامی لینڈنگ کی اور وہ بال بال بچ گئے تاہم پی ٹی آئی نے اس خبر کی تردید کرتے ہوئے لینڈنگ کی وجہ موسم کی خرابی کو بتایا ہے۔
بعض پاکستانی ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم پاکستان اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان ایک فضائی حادثہ میں بال بال بچ گئے۔ وہ اسلام آباد چکلالہ سے گوجرانوالا میں ایک ریلی سے خطاب کرنے جا رہے تھے جب ہوا میں ان کو لے جانے والے ہوائی جہاز میں تکنیکی مشکل پیش آ گئی ۔
رپورٹ کے مطابق جہاز کے پائلٹ نے کنٹرول ٹاور سے رابطے کرکے جہاز کو ایمرجنسی لینڈنگ کرائی اور عمران خان حادثے سے بال بال بچ گئے.
تاہم ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنما اظہر مشوانی نے ان خبروں کی تردید ہوئے کہا کہ عمران خان کے جہاز میں تکنیکی مشکل اور ایمرجنسی لینڈنگ کی خبریں بے بنیاد ہیں، ان کا طیارہ پرواز کے کچھ دیر بعد موسم کی خرابی کے باعث واپس اتر گیا اور وہ روڈ کے ذریعے جلسے سے خطاب کےلئے روانہ ہوئے۔
یاد رہے کہ اسی مہینے عمران خان کے قافلے میں شامل ایک گاڑی میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا تھا لیکن سابق وزیر اعظم اس حادثہ میں محفوظ رہے تھے۔ اُس وقت وہ گجرات میں ایک ریلی سے خطاب کے بعد بنی گالہ لوٹ رہے تھے۔