پاکستان- افغانستان سرحد پر کشیدگی بڑھی
پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں سرحد پار افغانستان سے دہشت گردوں کی جانب سے ہونے والی فائرنگ میں ایک فوجی جاں بحق ہو گیا۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق بین الاقوامی سرحد پار افغانستان کے اندر سے دہشت گردوں نے ضلع کرم کے شہری علاقے خڑلاچی میں فوجیوں پر فائرنگ کی۔
بیان مین بتایا گیا کہ پاکستانی فوج کے سپاہیوں نے دہشت گردوں کی فائرنگ کا بھرپور جواب دیا اور باوثوق خفیہ اطلاعات کے مطابق فوجی اہلکاروں کی فائرنگ سے دہشت گردوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک فوجی جاں بحق ہو گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ دہشت گردوں کی جانب سے پاکستان کے خلاف سرگرمیوں کے لیے افغانستان کی سرزمین استعمال کیے جانے کی پاکستان بھرپور مذمت کرتا ہے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاکستان توقع رکھتا ہے کہ افغانستان کی عبوری حکومت مستقبل میں اس طرح کی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دے گا۔
مزید بتایا گیا کہ پاکستانی فوج دہشت گردی کے ناسور کے خلاف اپنی سرحدوں کی دفاع کے لیے پرعزم ہے اور ہمارے بہادر جوانوں کی اس طرح کی قربانیوں سے ہمارا عزم مزید مضبوط ہوگا۔