عمران خان کی گرفتاری کے ساتھ ہی تحریک انصاف لانگ مارچ کا آغاز کر دے گی، ہاشم ڈوگر
پاکستان کی تحریک انصاف نے لانگ مارچ عمران خان کی گرفتاری سے مشروط کر دیا۔
سحر نیوز/ پاکستان:لاہور میں پر یس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ پنجاب کرنل ریٹائرڈ ہاشم ڈوگر نے کہا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری کے ساتھ ہی تحریک انصاف لانگ مارچ کا آغاز کر دے گی۔
ہاشم ڈوگر نے کہا کہ وفاقی حکومت کے کسی تحقیقاتی ادارے نے پنجاب میں صوبائی پولیس کی معاونت کے بغیر آپریشن کیا تو متعلقہ ضلع کی پولیس کے سربراہ کیخلاف ایکشن لیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بنی گالہ پر پولیس کا چھاپہ پڑا تو مفروروں کی تلاش میں پولیس جاتی امرا بھی جاسکتی ہے۔
صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ نواز شریف کی وطن واپسی کا اسٹیٹس دیکھ کر انہیں سیکیورٹی دینے یا نہ دینے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عمران خان کی احتجاج کی کال پر اگر عوام گھروں سے باہر نہ نکلے تو یہ پاکستان کی شکست ہوگی، انہوں نے دعویٰ کیا کہ لانگ مارچ کے انتظامات آخری مراحل میں ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ پی ٹی آئی لانگ میں عوام بڑی تعداد میں باہر نکلیں گے، پارٹی کے اراکین اسمبلی اورذمہ داروں کو عوام کو اکٹھا کرنے کا کام سونپا گیا ہے۔
عمران خان کے اسلام آباد ہائی کورٹ کے شوکاز نوٹس کالعدم قرار دینے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ عدالت نے بہت اچھا فیصلہ سنایا، پاکستان تحریک انصاف کسی بھی ادارے سے تصادم نہیں چاہتی۔