کراچی، چپ تعزیہ کے جلوس کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات
کراچی میں چپ تعزیہ کے جلوس کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
سحر نیوز/ پاکستان:کراچی میں 8 ربیع الاول حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کی شہادت کے موقع پر چپ تعزیہ کا نشتر پارک سے نکلنے والا جلوس کھارادر میں اختتام پذیر ہو گیا۔
چپ تعزیہ کا پہلا جلوس صبح ساڑھے 6 بجے نشتر پارک سے برآمد ہوا جو روایتی راستوں سے ہوتا ہوا کھارادر میں اختتام پذیر ہو گیا۔
چپ تعزیہ کا دوسرا جلوس رضویہ سوسائٹی قصر مصیب امام بارگاہ سے دوپہر ایک بجے برآمد ہوگا، اور مختلف راستوں سے ہوتا ہوا مارٹن روڈ پر جامع مسجد و امام بارگاہ شاہ نجف پر اختتام پذیر ہو گا۔
ٹریفک پولیس نے کہا کہ جلوسوں کی گزرگاہوں پر عام ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہو گا، شہری زحمت سے بچنے کے لیے متبادل راستہ اختیار کریں۔
دوسری جانب چپ تعزیہ کے جلوس کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات کی وجہ سے گرین لائن بس سروس آج بند رہے گی۔
فرزند رسول حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام آٹھ ربیع الثانی دو سو بتیس ہجری قمری کو مدینہ منورہ میں اس دنیا میں تشریف لائے-
حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کی شہادت 8 ربیع الاول سنہ ۲۶۰ ہجری کو عراق کے شہر سامرا میں ہوئی۔