Oct ۲۰, ۲۰۲۲ ۲۰:۴۵ Asia/Tehran
  • پاکستان، توشہ خانہ کیس فیصلہ جمعہ کو آئے گا

پاکستان کے الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی چیئرمین کے خلاف دائر توشہ خانہ کیس کا فیصلہ کل سنانے کا اعلان کردیا ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق توشہ خانہ کیس کے فیصلے کے حوالے سے متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کردیے گئے ہیں۔ اعلامیے کے مطابق الیکشن کمیشن توشہ خانہ کیس کا فیصلہ کل دوپہر 2 بجے سنائے گا۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے ضلعی انتظامیہ کو خط لکھ کر فول پروف سیکورٹی طلب کرلی ہے۔ خط میں لکھا گیا ہے کہ پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کیا جائے کیونکہ فیصلے کے وقت پاکستان تحریک انصاف، پی ٹی آئی، کارکنان کے جمع ہونے کا خدشہ ہے۔

ضلعی انتظامیہ سے سفارش کی گئی ہے کہ توشہ خانہ فیصلے کی روشنی میں ریڈ زون اور الیکشن کمیشن کی عمارت کے ارد گرد سیکورٹی تعینات کی جائے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے 19 ستمبر کو دلائل مکمل ہونے کے بعد عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان متعدد بار جلسوں اور پارٹی تقاریب سے خطاب میں یہ بات دہرا چکے ہیں کہ پی ڈی ایم اور موجودہ حکومت انہیں توشہ خانہ کیس میں الیکشن کمیشن کے ذریعے تاحیات نااہل کروانا چاہتی ہے۔ عمران خان متعدد بار یہ بھی مطالبہ کرچکے ہیں کہ آصف زرداری اور نواز شریف کے خلاف بھی توشہ خانہ کیس ساتھ سنا جائے اور اس کا فیصلہ بھی ساتھ ہی جاری کیا جائے۔

عمران خان پر الزام ہے کہ انہوں نے توشہ خانہ سے قیمتی تحائف سستے داموں میں حاصل کر کے انہیں الیکشن کمیشن سے چھپایا، جس کی بنیاد پر اسپیکر نے اُن سمیت پانچ اراکین کے خلاف الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کیا تھا۔

ٹیگس