Jan ۰۷, ۲۰۲۶ ۱۳:۵۹ Asia/Tehran
  • پاکستان: اپنی قیادت اور پالیسیوں پر کی جانے والی تنقید کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے پی ٹی آئی کا سخت ردعمل

پاکستان تحریک انصاف، پی ٹی آئی، نے اپنی قیادت اور پالیسیوں پر کی جانے والی تنقید کو افسوسناک قرار دیا ہے اور اس پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا ذرائع کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی نے منگل کی رات سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں پاکستانی فوج کے ترجمان کی پریس کانفرنس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ پارٹی، اس کی قیادت اور ایک منتخب صوبائی حکومت کو اس نوعیت کی تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

پارٹی نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں، جہاں پی ٹی آئی کی حکومت ہے، کسی فوجی آپریشن کی مخالفت کو دہشت گردوں کی حمایت قرار دینا زمینی حقائق کے منافی ہے۔

 

پی ٹی آئی نے بیان میں کہا کہ 12 نومبر 2025 کو صوبائی حکومت کی جانب سے ایک امن جرگہ منعقد کیا گیا تھا، جہاں شرکا نے متفقہ طور پر اس بات کا فیصلہ کیا تھا کہ فوجی آپریشن کسی بھی مسئلے کا پائیدار حل نہیں اور دیرپا امن کے لیے ایک جامع، اتفاقِ رائے پر مبنی اور مشترکہ قومی پالیسی ناگزیر ہے۔

پارٹی نے اس بیان پر بھی اعتراض کیا کہ دہشت گرد پی ٹی آئی کو نشانہ نہیں بناتے۔ پی ٹی آئی نے کہا کہ یہ بات مکمل طور پر زمینی حقائق کے برعکس ہے اور ایسے سوالات اٹھانا شہدا، زخمیوں اور متاثرہ خاندانوں کے غم میں اضافے کا باعث بنے گا۔

پارٹی کا کہنا ہے کہ یہ تاثر دینا کہ پی ٹی آئی دہشت گردی سے محفوظ رہی ہے حقائق سے لاعلمی کا مظہر اور انتہائی افسوسناک ہے۔

پی ٹی آئی نے واضح کیا کہ وہ دہشت گردی کے خلاف ہے، آئین کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے تمام ریاستی اداروں کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہے۔

پارٹی نے خبردار کیا کہ سیاسی اختلافات کو پریس کانفرنسوں میں لانا عدم استحکام کو مزید ہوا دے گا۔

ہمیں فالو کریں: 

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel

پی ٹی آئی نے زور دیا کہ دہشت گردی جیسے سنگین قومی مسئلے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے اور اس معاملے پر قوم کو تقسیم کرنے کے بجائے متحد رہنا ناگزیر ہے۔

 

 

ٹیگس