فوج سیاست سے دور رہے گی: پاکستانی آرمی چیف
پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ میں اپنی ملازمت میں مزید توسیع نہیں لوں گا اور فوج نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ سیاست میں کردار ادا نہیں کرے گی۔
سحر نیوز/ پاکستان: انہوں نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں سیکیورٹی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ فوج نے غیر سیاسی رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ میں ایکسٹینشن نہیں لوں گا اور 5 ہفتے کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان کروں گا، فوج سیاست میں کردار ادا نہیں کرے گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل رواں ماہ کے آغاز میں آرمی چیف نے واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے میں ظہرانے کے موقع پر کہا تھا کہ فوج نے خود کو سیاست سے دُور رکھا ہے۔ میں دو ماہ بعد عہدے کی دوسری مدت پوری ہونے پر ریٹائرڈ ہو جاؤں گا۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ آرمی چیف نے اپنی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے واضح بیان دیا ہو بلکہ اس سے قبل بھی متعدد مواقع پر وہ توسیع نہ لینے کا اعلان کر چکے ہیں۔
رواں سال اپریل میں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا تھا کہ جنرل قمر جاوید باجودہ نہ توسیع لیں گے اور نہ ہی اسے قبول کریں گے۔