پاکستان، دہشت گردوں کی فائرنگ سے 2 سیکورٹی اہلکار جاں بحق
پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس پر مبنی کارروائی کرتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ آپریشن کے دوران دو سیکورٹی اہلکار بھی جاں بحق ہوگئے۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بلوچستان کے علاقے شہرگ کے قریب کمن پاس میں فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سیکورٹی فورسز کو دہشت گردوں کے ٹھکانے کے قریب ہیلی کاپٹر سے اتارا گیا، جس کے بعد سیکورٹی فورسز نے راستے بند کرنا شروع کیے تو دہشت گردوں نے فورسز پر فائرنگ شروع کردی۔
دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں دو اہلکار موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جب کہ جوابی فائرنگ میں 4 دہشت گرد بھی مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں سے دیسی ساختہ بم سمیت اسلحہ اور گولہ بارود کا ذخیرہ برآمد ہوا ہے، علاقے میں دہشت گردوں کو پکڑنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔