عمران خان روبہ صحت، قاتلانہ حملے کے خلاف نماز جمعہ کے بعد ملک گیر احتجاج کا اعلان
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اسد عمر نے (آج) جمعہ کی نماز کے بعد ملک بھرمیں احتجاج کا اعلان کردیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پوسٹ کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ جب تک عمران خان کا مطالبہ پورا نہیں ہوتا، ملک گیر احتجاج جاری رہے گا۔
دوسری جانب عمران خان کے معالج ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ گزشتہ روز وزیر آباد میں پارٹی کے لانگ مارچ کے دوران حملے میں زخمی ہونے سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان لاہور کے شوکت خانم ہسپتال میں داخل ہیں اور ان کی حالت بہتر ہے۔
انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم کی دائیں ٹانگ میں گولی لگی جس کی وجہ سے وہ زخمی ہوگئے تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز لانگ مارچ کے دوران پنجاب کے علاقے وزیرآباد میں مسلح شخص کی فائرنگ سے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان زخمی ہوئے جس کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا لیکن اس کے باوجود پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے واضح پیغام دیا گیا کہ لانگ مارچ کو کوئی نہیں روک سکتا اور جب تک انتخابات کا اعلان نہیں ہوجاتا، لانگ مارچ جاری رہے گا۔