پاکستان آرمی چیف کی مدت ملازمت رو بہ اختتام، نئے سربراہ کے لئے صلاح مشورہ جاری
پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے ریٹائرمنٹ کی تاریخ قریب آتے ہی، نئے چیف کے انتخاب کے حوالے سے ملاقاتوں اور مشاورتوں کا سلسلہ عروج کو پہنچ گیا ہے۔
سحر نیوز/پاکستان: پاکستانی ذرائع کے مطابق یہ سلسلہ راولپنڈی، لندن اور لاہور میں جاری ہے۔ اس حوالے سے ایک اہم ملاقات راولپنڈی میں ہوئی جہاں فوج کے کور کمانڈروں کا اجلاس جنرل ہیڈ کوارٹر میں ہوا جس کی صدارت خود جنرل قمر جاوید باجوہ نے کی۔
دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نئے آرمی چیف کی تعیناتی پر صلاح مشورہ کرنے کی غرض سے مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نواز شریف سے ملنے کو لندن میں ہیں۔ رپورٹ کے مطابق وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد شہباز شریف کا یہ تیسرا دورہ لندن ہے۔
موجودہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت انتیس نومبر کو پوری ہو رہی ہے اور فوجی ترجمان پہلے ہی اعلان کر چکے ہیں کہ جنرل قمر جاوید باجوہ اپنی مدت ملازمت میں توسیع نہیں لیں گے۔