Nov ۱۰, ۲۰۲۲ ۱۷:۰۴ Asia/Tehran
  • افغانستان میں قیام امن میں ایران و پاکستان کے کردار پر تاکید

پاکستان کی وزیر مملکت برائے خارجہ امور نے افغانستان میں امن و استحکام کی برقراری میں تعاون سے متعلق ایران و پاکستان کے کردار کو نہایت اہمیت کا حامل قرار دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کی وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے یہ بات افغانستان کے امور میں صدر ایران کے خصوصی نمائندے حسن کاظمی قمی کی زیر صدارت ایرانی وفد سے ہونے والی ملاقات میں کہی۔ اس بیان کے مطابق حنا ربانی کھر نے افغانستان کے پڑوسی ملکوں کی حیثیت سے ایران اور پاکستان کے دوستانہ اور برادرانہ رشتوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے افغانستان میں امن و استحکام میں مدد سے متعلق تہران اور اسلام آباد کے کردار کو اہم قرار دیا اور افغانستان کی طالبان انتظامیہ کے ساتھ عالمی برادری کی مفاہمت کی ضرورت پر زور دیا۔

اس سے قبل افغانستان کے امور میں صدر ایران کے خصوصی نمائندے حسن کاظمی قمی نے افغانستان کے امور میں پاکستان کے خصوصی نمائندے محمد صادق سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں فریقین نے علاقے میں امن و استحکام کے مقاصد کے حصول سے متعلق مشترکہ تعاون کی تقویت کی ضرورت پر زور دیا۔

قابل ذکر ہے کہ افغانستان کے امور میں صدر ایران کے خصوصی نمائندے حسن کاظمی قمی نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ انھوں نے پاکستانی حکام سے ہونے والی ملاقات میں تاکید کی ہے کہ افغانستان میں امن و استحکام علاقے کے ملکوں کی سلامتی کے مترادف ہے۔

ٹیگس