Nov ۱۷, ۲۰۲۲ ۱۴:۵۷ Asia/Tehran
  • پاکستان، دونوں ایوانوں کا مشترکہ اجلاس ملتوی: اسپیکر راجہ پرویز اشرف

پاکستان میں کل جمعہ کو ہونے والا پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ملتوی کردیا گیا ہے۔

اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے جمعے کو پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں، قومی اسمبلی اور سینیٹ کا ہونے والا مشترکہ اجلاس، ملتوی کردیا ہے۔انھوں نے مشترکہ اجلاس ملتوی کرنے کی کوئی وجہ بتائے بغیر اعلان کیا کہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کا مشترکہ اجلاس اب بیس دسمبر کو ہوگا۔

قابل ذکر ہے کہ یہ پانچواں موقع ہے جب اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے اپنے خصوصی اختیارات استعمال کرتے ہوئے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ملتوی کیا ہے۔ اس سے پہلے پاکستانی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کا مشترکہ اجلاس بارہ اکتوبر کو ہوا تھا جو اٹھارہ نومبر تک کے لئے ملتوی کیا گیا تھا۔

پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے ملک کا صدر خطاب کرتا ہے اور پاکستان کے موجودہ صدر ڈاکٹر عارف علوی کا تعلق سابق وزیراعظم عمران خان کی جماعت تحریک انصاف سے ہے۔ عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پاس ہونے کے بعد شہباز شریف وزیراعظم منتخب ہوئے تو صدر ڈاکٹر عارف علوی نے ان سے عہدے کا حلف لینے سے انکار کردیا تھا تاہم بعد میں انھوں نے شہباز شریف کے مقرر کردہ کابینہ کے ارکان سے حلف لیا تھا۔

ٹیگس