Nov ۱۸, ۲۰۲۲ ۲۲:۴۴ Asia/Tehran
  • ہندوستانی شہریوں کے لئے سعودی ویزا ہوا آسان

سعودی عرب نے ویزے کے خواہش مند ہندوستانیوں کے لیے پولیس کلیئرنس کی شرط ختم کردی۔ 

سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستانی ذرائع کے مطابق نئی دہلی میں سعودی سفارت خانے نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ سعودی عرب اور ہندوستان کے درمیان مضبوط تعلقات اور اسٹریٹجک شراکت داری کے پیش نظر ہندوستانی شہریوں کو پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ جمع کرانے سے مستثنیٰ قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس حوالے سے سعودی وزارت خارجہ نے کہاہے کہ ہندوستانی شہریوں کی ویزا درخواستوں کی تیز تر کارروائی، ٹریول ایجنسیز کے ذریعے آسان انتظام اور مسافروں کو آسانی فراہم کرنے کے لیے پولیس کلیئرنس کی شرط ختم کی گئی ہے۔سعودی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ یہ فیصلہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی کوششوں کا تسلسل ہے۔

ادھر سعودی دارالحکومت ریاض میں ہندوستان کے سفارت خانے کے انچارج این رام پرساد نے عرب نیوز کو بتایا کہ سعودی عرب کے اس فیصلے سے بیس لاکھ ہندوستانی شہریوں کو فائدہ ملے گا۔انہوں نے سعودی حکومت کے اس اقدام پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ اس سے ہمارے دوطرفہ تعلقات اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید فروغ ملے گا۔

واضح رہے کہ معروف صحافی جمال خاشقجی کے بہیمانہ قتل کے ذمہ دار سعودی ولیعہد محمد بن سلمان کو گزشتہ ہفتے ہندوستان کا دورہ کرنا تھا جسے انہوں نے ملتوی کر دیا تھا۔ ان کے دورے کی خبر عام ہونے کے بعد ہندوستان کے عوام نے انکے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع کر دیا تھا۔

ٹیگس