پاکستان؛ آرمی چیف کی تعیناتی کیلئےاہم اجلاس شروع، فیصلہ آج ہو جائیگا: وزیر دفاع
پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی جانب سے آرمی چیف کی تعیناتی کے معاملے پر اہم اجلاس وزیرِ اعظم ہاؤس اسلام آباد میں شروع ہو گیا۔
سحر نیوز/پاکستان: پاکستانی ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم ہاؤس میں منعقدہ اجلاس میں امین الحق، طارق بشیر چیمہ، مولانا اسعد محمود، شاہ زین بھگٹی، اسرار ترین، وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ، وزیرِ دفاع خواجہ آصف، وزیرِ صحت عبدالقادر پٹیل، وفاقی وزیر شیری رحمٰن، وزیرِ اعظم کے مشیر عون چوہدری، مشیرِ قانون ملک شہادت، سینیٹر طلحہٰ محمود، ریاض پیرزادہ اور چوہدری سالک حسین شریک ہیں۔
وزیر دفاع پاکستان خواجہ آصف نے بتایا کہ آرمی چیف کی تعیناتی کی سمری آج صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو بھیج دی جائے گی۔ خواجہ آصف کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر صدر سمری کو روک لیتے ہیں تو اُس سے حکومت کو دھچکا لگنے کے ساتھ ساتھ غیر یقینی صورتحال تو پیدا ضرور ہوگی، مگر حتمی شکست عمران خان کو ہوگی۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ عمران خان کے پاس ادارے سے تعلقات بہتر کرنے کا یہ ایک موقع بھی ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ سمری کا ٹائم ٹیبل اتفاق رائے سے طے ہوا ہے، ہم نے جو ٹائم ٹیبل طے کیا تھا اس میں ایک دو روز کا فرق پڑا ہے۔
دوسری جانب پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ صدر ڈاکٹر عارف علوی آرمی چیف کی سمری سے متعلق مجھ سے مشورہ کریں گے۔