Nov ۲۷, ۲۰۲۲ ۱۳:۳۳ Asia/Tehran
  • عمران خان کا پیغام

پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور پی ٹی آئی چیئر مین عمران خان نے حقیقی آزادی ملنے تک تحریک جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ دوسری طرف حکمران اتحاد پی ڈی ایم کے سربراہ نے پی ٹی آئی کے مارچ کو فلاپ شو اور عمران خان کو اقتدار سے دور رکھنے کی مہم کو جہاد قرار دیا ہے

سحر نیوز/پاکستان: پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے جمعے کو راولپنڈی میں اپنی ریلی کے تعلق سے ایک پیغام جاری کرکے اعلان کیا کہ وہ قانون کی حکمرانی اور بقول ان کے پاکستان کی حقیقی آزادی تک تحریک جاری رکھیں گے۔انھوں نے سوشل میڈیا پر جاری ہونے والے اپنے پیغام میں پی ٹی آئی کے راولپنڈی آزادی مارچ میں شرکت کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا اور اس مارچ کی ویڈیو شیئر کی۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی چیئر مین عمران خان نے راولپنڈی میں ریلی سے خطاب میں اعلان کیا تھا کہ وہ موجودہ نظام کا حصہ نہیں رہیں گے اور تمام اسمبلیوں سے نکل جائیں گے ۔انھوں نے اعلان کیا کہ اسمبلیوں سے نکلنے کی تاریخ کا فیصلہ وہ اپنی پارٹی کے سینیئر اراکین اور اتحادیوں سے مشاورت کے بعد کریں گے۔

انھوں نے اسی کے ساتھ اسلام آباد جانے کا پروگرام منسوخ کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اسلام آباد جانے سے ملک کو نقصان پہنچ سکتا ہے اس لئے وہ مارچ یہیں پر ختم کرتے ہیں ۔

عمران خان راولپنڈی میں ریلی سے خطاب کرنے کے بعد لاہور واپس چلے گئے اور پی ٹی آئی ذرائع نے بتایا ہے کہ وہ زمان پارک سے حکومت کے خلاف تحریک جاری رکھیں گے۔

دوسری طرف پاکستان ڈیموکریرٹیک الائنس اور جمیعت علمائے اسلام ف کے سربراہ نے عمران خان کو دوبارہ اقتدار میں آنے سے روکنے کی مہم کو جہاد قرار دیتے ہوئے اس کو جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے موجودہ اتحادی حکومت کو ملک کی نجات دہندہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگرعمران خان دوبارہ اقتدار میں آگئے تو بقول ان کے ملک کی معیشت تباہ اور دفاعی افواج کمزور ہوجائیں گی ۔

مولانا فضل الرحمان نے دعوی کیا کہ ان کی تحریک پاکستان ڈیموکریٹک الائنس نے عمران خان کی حکومت ختم کرکے ملک کو سیاسی اور معاشی بحران سے باہر نکال لیا ہے ۔ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کو ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ عمران خان کا یہ ایک فلاپ شو تھا۔

ٹیگس