Dec ۰۴, ۲۰۲۲ ۰۹:۰۸ Asia/Tehran
  • کشمیرمیں بلدیاتی انتخابات کے نتائج آنے کا سلسلہ جاری، پی ٹی آئی آگے

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے، بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پی ٹی آئی آگے ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان:  موصولہ رپورٹ کے مطابق غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق کشمیر کے ضلع باغ میں پاکستان تحریک انصاف نے میونسپل کارپوریشن کی 15 میں سے 9 نشستیں حاصل کیں جبکہ آزاد امیدواروں نے 4 اور پاکستان پیپلزپارٹی 2 نشستیں جیت سکی۔ جبکہ پونچھ اور حویلی اضلاع میں پی ٹی آئی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

دوسری جانب ضلع باغ میں کُل 28 نشستوں میں سے پی ٹی آئی نے تقریباً 12 نشتیں حاصل کیں جبکہ پاکستان مسلم کانفرنس (ایم سی) نے 4، پاکستان پیپلزپارٹی نے 3 اور پاکستان مسلم لیگ (ن) اور آزاد امیدواروں نے 2، 2 نشتیں حاصل کیں اور کشمیر جمعیت اسلام ایک نشست حاصل کرنے میں کامیاب رہی، اس کے علاوہ 4 نشستوں کے نتائج آنا باقی ہے۔

غیر سرکاری نتائج کے مطابق سدھنوتی ڈسٹرکٹ کونسل کی 19 نشستوں میں سے پاکستان تحریک انصاف نے 11، مسلم لیگ (ن) نے 4، آزاد امیدواروں نے 2 اور کشمیر جمعیت علمائے اسلام نے ایک نشست حاصل کی جبکہ مزید ایک نشست کے نتائج کا اعلان ہونا ابھی باقی ہے۔

ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز میونسپل میں پی ٹی آئی نے 8 میں سے 5 نشستیں حاصل کیں جبکہ آزاد امیدواروں نے 2 اور (ن) لیگ ایک نشست حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔

غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق ضلع حویلیاں میں (ن) لیگ 12 میں سے 6 ضلع کونسل کی نشستیں جیت سکی، پیپلز پارٹی نے 4 اور پی ٹی آئی نے ایک نشست حاصل کی جبکہ ایک نشست کے نتائج واضح نہیں ہوسکے۔

ضلع پونچھ کے شہر راولاکوٹ میں 22 رکنی میونسپل کارپوریشن میں جموں کشمیر پیپلز پارٹی (جے کے پی پی) 7 نشستیں جیت سکی، اس کےعلاوہ پاکستان پیپلزپارٹی نے 4 ، مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی نے 3 ،3 اور آزاد امیدواروں نے5 نشستیں حاصل کیں۔

اس کے علاوہ ضلع پونچھ کے 29 رکنی کونسل میں پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ن) نے 8، 8 نشستیں حاصل کیں، پاکستان پیپلزپارٹی نے 6، جموں کشمیر پیپلز پارٹی (جے کے پی پی) نے5 اور آزاد امیدوار 2 نشستیں جیت سکے۔

قبل ازیں حکام نے بتایا تھا کہ پولنگ کے عمل کے دوران تشدد کے واقعات رپورٹ ہوئے جن میں ایک درجن کے قریب لوگ متاثر ہوئے۔

ٹیگس