پاکستان: اسمبلیاں توڑنے سے متعلق اہم فیصلہ آج
آزادی مارچ میں عدلیہ مخالف تقاریر کے معاملے پر لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کے جج جسٹس جواد حسن کے سامنے اسد عمر نے کہا کہ جو کہا اس پر غیر مشروط معافی مانگتا ہوں ، جس پر عدالت نے معاملہ ختم کردیا۔
سحر نیوز/ پاکستان: راولپنڈی میں سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل اسد عمر نے کہا کہ اسمبلیاں توڑنے سے متعلق آج زمان پارک میں اجلاس ہے، جس میں عمران خان فیصلہ کریں گے۔
اسد عمر نے کہا کہ اسمبلیاں توڑ کر ہم کوئی سیاسی غلطی نہیں کر رہے، پی ٹی آئی عوامی جماعت ہے اور انہی میں جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اسمبلیاں توڑ کر میدان خالی نہیں بلکہ خود اتر رہے ہیں، اسمبلیاں توڑنے کے اعلان پر حکومت ڈگمگا گئی ہے، رانا ثناء اللّٰہ کہتے ہیں ہر صورت اسمبلیاں بچانے کی کوشش کریں گے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے، روس سے تیل درآمد کرنے میں انہوں نے دیر کر دی ہے، نالائق حکومت نے 8 ماہ ضائع کیے ہیں۔