پاکستان کے آرمی چیف نے بلوچستان کا دو روزہ دورہ کیا
پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے صوبہ بلوچستان کا دو روزہ دورہ کیا۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ "آئی ایس پی آر" کے مطابق آرمی چیف نے پہلے دن کور ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔
بعد ازاں چیف آف آرمی اسٹاف کو آپریشنل، ٹریننگ اور فارمیشن کے دیگر معاملات پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ اس کے بعد آرمی چیف نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ اور اسکول آف انفنٹری اینڈ ٹیکٹکس کا بھی دورہ کیا اور نوجوان افسران و انسٹرکٹرز سے بات چیت کی۔
جنرل سید عاصم منیر نے نوجوان افسران کو مستقبل کے میدان جنگ کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پیشہ ورانہ مہارت پر توجہ مرکوز کرنے کا مشورہ دیا۔
دورے کے دوسرے روز آرمی چیف نے تربت کا دورہ کیا جہاں انہیں آئی جی ایف سی بلوچستان نے جنوبی بلوچستان میں سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال اور محفوظ ماحول کو یقینی بنانے کے لئے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔
آرمی چیف نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کی سلامتی اور تحفظ کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ کوئٹہ پہنچنے پر آرمی چیف کا استقبال کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے کیا۔